جوڈیشل میمبر، سندھ ہیومن رائٹس کمیشن، جسٹس (ایف) ارشد نور خان، اور نادرا کے ریجنل ہیڈ آفس کراچی کے ڈائریکٹر جنرل جناب اہتشام شاہد حیدرآباد کے نواحی گاؤں ٹنڈو فضل کے قریب پنہور آباد اسٹاپ پر موجود اینٹوں کے بھٹے، نیو شاہین پر پہنچے، جہاں سندھ ہیومن رائٹس کمیشن اور بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے سماجی ادارے اسپارک کے مشترکہ تعاون سے نادرا کی جانب سے منائے گئے عالمی شناختی دن کی مناسبت سے لگائی گئی موبائل رجسٹریشن وین کا وزٹ کیا۔
اس موقعہ پر نادرا کی موبائل رجسٹریشن وین سے درجنوں افراد نے اپنے شناختی کارڈ و دیگر ضروری دستاویزات بنوائے اور گھر کی دہلیز پر نادرا کی سہولت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔
واضح رہے کہ سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کی جانب سے نادرا کی شناختی مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا جا رہا ہے اور دیگر سماجی تنظیموں کے اشتراک سے تھر پارکر عمرکوٹ میرپور خاص اور حیدرآباد کے مختلف دیہاتوں میں موبائل رجسٹریشن وین کا اہتمام کیا گیا۔