جمعرات، 15 اگست 2024.
جسٹس ریٹائرڈ ارشد نور خان، جوڈیشل میمبر، سندھ ہیومن رائٹس کمیشن نے ڈائو یونیورسٹی ہاسپیٹل، اوجھا کیمپس، کراچی کا تفصیلی دورہ کیا۔
ڈائو یونیورسٹی ہسپتال کی میڈیکل سپرنٹینڈنٹ پروفیسر جہاں آرا، کنسلٹنٹ ایمرجنسی ڈاکٹر عائشہ عباسی، سینئر مینیجر ایمرجنسی ڈاکٹر ممتاز بلوچ، او پی ڈی ڈائریکٹر ڈاکٹر رستم زماں، سینئر مینیجر ہاسپیٹل سروسز سمیرہ عیسانی، سیکیورٹی ڈائریکٹر کرنل ریٹائرڈ قائم سبزوئی اور نرسنگ مینیجر محترمہ مونیکا نے ان کا استقبال کیا اور ہسپتال کے مختلف امور سمیت درپیش مشکلات پر تفصیلی بریفننگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2007 میں قائم ہونے والے 676 بیڈز پر مشتمل ہسپتال میں سالانہ 3 لاکھ سے زائد مریضوں کو ہر طرح کی بیماری میں علاج معالجے کی تمام تر سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں، جبکہ قدرتی آفات اور حادثات سے نمٹنے کے لیے الگ سے ایک ڈزاسٹر یونٹ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔
بعد ازاں مختلف وارڈز کا تفصیلی دورہ کیا گیا اور موقعہ پر موجود انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئی کہ سینیٹری ورکرز کے لیے حکومت کی جانب سے جاری کردہ کم ازکم اجرت کے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، نرسنگ اسٹاف کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور جاب سے مبینہ غیر قانونی برطرفی کی شکایت کرنے کرنے والے دیگر ورکرز کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے ۔۔