سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کے جوڈیشل میمبر جسٹس ریٹائرڈ ارشد نور خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سٹی کورٹ میں قائم جوڈیشل لاکپ کا دورہ کیا۔
دورے کا مقصد قیدیوں کو درپیش مسائل اور دیگر سیکورٹی انتظامات کے ساتھ انتظامیہ کو درپیش مسائل کا جائزہ لینا تھا۔
لاکپ انچارج انسپیکٹر افتخار حسین اور دیگر اسٹاف نے سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کی ٹیم کا استقبال کیا۔
اس موقعہ پر وہاں موجود قیدیوں اور اسٹاف سے ملاقات کرکے انہیں درپیش مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔ قیدیوں کی جانب سے شکایات کے انبار لگا دیے گئے جن میں سے سرفہرست لمبے انتظار، کھانے کی عدم فراہمی اور ٹوائلٹس کی عدم موجودگی تھی۔ جبکہ صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے ہر طرف گندگی کے ڈھیر واضح نظر آئے ۔
موقعہ پر موجود ذمہ داران کو ہدایات جاری کی گئی کہ بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے سنگین مسئلے کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور شکایات کا ازالہ کیا جائے ۔