بدھ، 20 دسمبر 2023
سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کے جوڈیشل میمبر جسٹس ریٹائرڈ ارشد نور خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ رورل ہیلتھ سینٹر کیماڑی کا دورہ کیا۔
دورے کا مقصد کیماڑی کے عوام کے لیے دی گئی بنیادی طبی سہولیات کا جائزہ لینا اور مختلف شکایات کا ازالہ کرنا تھا۔
آر ایچ سی کیماڑی کے ایکٹنگ میڈیکل سپریڈنٹ ڈاکٹر زاہد رضا شاہ نے سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کی ٹیم کا استقبال کیا اور ہسپتال کے مختلف امور پر تفصیلی بریفننگ دی۔
بعد ازاں مختلف سیکشنز کی انسپکشن کے دوران ڈیوٹی پر تعینات میڈیکل اسٹاف سے مزید تفصیلات حاصل کی گئی جبکہ وہاں موجود مریضوں سے بھی تفصیلی بات چیت کی گئی جس میں درپیش مسائل پر آگاہی دی گئی۔
انسپیکشن کے دوران واحد ایکسرے مشین کی خرابی، ایمبولینس کی عدم دستیابی، صفائی کے ناقص انتظامات، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دوران اسٹینڈ بائی جنریٹر کا غیر فعال ہونا، لیبارٹری کی بدترین حالت اور ہسپتال کے سیکنڈ فلور کی چھت کی زبوں حالی پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا۔
انتظامیہ کی طرف سے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اعلیٰ حکام کو سفارشات پیش کرنے کی درخواست بھی کی گئی۔
جوڈیشل میمبر سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کی طرف سے انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئی کہ معمولی نوعیت کے مسائل کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور بنیادی طبی سہولیات بغیر کسی تعطل کے فراہمی کو بنایا جائے۔